اے خدا ترے بنا۔۔۔


اے خدا ترے بنا۔۔۔
اے میرے رب!اےمیرے خدا!تیرے بنا زندگی موت سے بھی بد تر ہے۔ تیرے بنا چاند کی روشنی تیرگی، سورج کی کرنیں بے نور، تاروں کی چھاؤں معدوم ، آسمان کی وسعت ایک تنگ گلی اور نیلگوں آسماں ایک سیاہ چادرہے۔ تیرے بغیر پرندوں کی چہچہاہٹ ایک بے ہنگم شور، پھولوں کی مہک بے کیف بو ،

قوس قزح لایعنی لکیریں، باد نسیم صحرا کے تھپیڑے، پتوں کی سرسراہٹ بے معنی آواز، ساحل کی موجیں بے سبب ادھم اور بارش کے قطرے تپتے ہوئے سنگریزے ہیں ۔
تیرےبغیر زیست بس سانسوں کا آنا جانا ، دل محض گوشت کا لوتھڑا ، عقل عیاری کی آماجگاہ، نگاہیں ابلیس کی پناہ گاہ اور بدن اک زندہ لاش ہے۔تیرے بنا ہر حسن غلاظتوں کا ڈھیر، ہر رشتہ لایعنی تعلق، ہر انسان شیطان کا پرتو ، اور ہر محفل اجڑا ہوا دیار ہے۔
تیرے بنا یہ نماز یں ریاکاری ، یہ زکوٰۃ سانپوں کا ڈنک، یہ حج فقط اک یاترا اور یہ روزے احمقوں کا فاقہ ہیں۔تیرے بنا تبلیغ محض مارکیٹنگ ، تقریر نقلی پھولوں کا گلدستہ ،حیا فقط تکلف ، مذہبی پیشوائیت پنڈت کی دوکان، جہاد اک فساد، اذان ایک رسمی اعلان ، جمعہ ایک لایعنی اجتماع اور عید ابلیس کی بزم ہے۔تیرے بنا تفریح ایک بے ہودہ عمل، غناء ایک بے ہنگم شور اور سماج ایک جم غفیر ہے۔ تیرے بغیر کمانا ایک حرام عمل، لین دین استحصال کا ذریعہ، فلاح کا کام محض دکھاوا، تعلیم جہل کی بنیاد ، کھانا پینا جانوروں کا فعل اور جنسی تعلق نری حیوانیت ہے۔
میں یہ چاہتا ہوں کہ تو ہو اور مرے من میں تجھ سا کوئی نہ ہو۔ تو نہیں تو کچھ بھی نہیں تو ہے تو سب کچھ ہے۔تو ہے تو گلوں میں رنگ ہے، باد نوبہار ہے۔ ترنم ہزار ہے، بہار پر بہار ہے، ہوا بھی خوشگوار ہے۔ تو ہے تو نماز یہ معراج ہے، زکوٰۃ بہت پاک ہے، صوم اک نکھار ہے ، حج اک خمار ہے۔
میں چاہتا ہوں کہ تو میرے شب و روز میں آ، میرے تکلم میں سما، میری سماعتوں کو جگا، میری نگاہوں میں بس جا، میری نیندوں کو سجا، میرے سجدوں کو بسا، مجھ کو راتوں میں اٹھا، رگ جاں سے بھی قریب آ اور پھر دور نہ جا۔
از پروفیسر محمد عقیل

Advertisements

تبصرہ کیجئے

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Connecting to %s